First Impression is the Last Impression
پہلا تاثر ہی آخری تاثر ہوتا ہے
اس کہاوت کے مطابق” پہلا تاثر ہی آخری تاثر ہوتا ہے”کا مطلب ہے کہ انسان کا پہلا تاثر اتنا مضبوط ہوتا ہے کہ اسے ختم کرنا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن اب ریسرچ نے بھی اس بات کی تائید کر دی ہے کہ ہماری شخصیت کی پہلی جھلک سے دوسرے فرد کے ذہن میں آنے والاخیال ہماری سوچ سے بھی زیادہ طاقت ور ہوتا ہےبلکہ سائنس کا تو یہ ماننا ہے کہ پہلا تاثر قائم کرنے کے لیے کسی شخص سے ملنا ہی ضروری نہیں، انسان کسی بھی دوسرے انسان کی شخصیت کا بالکل صحیح تاثر اس کی تصاویر وغیرہ دیکھ کر بھی قائم کر لیتے ہیں۔لہذا اس تاثر کے بارے میں جاننا اور اسے سمجھنا انتہائی ضروری ہےکہ کس طرح ہم اپنی پہلی جھلک کو دوسروں کی نظر میں بہترین بنا سکتے ہیں۔
1۔ یہ بہت تیزی سے قائم ہوتا ہے
ایک تحقیق کے مطابق لوگ ایک سیکنڈ کے سوویں حصے میں ہی دوسرے فرد کے چہرے کو دیکھ کر اس کے بارے میں فیصلہ کر لیتے ہیں، یہ فیصلہ کشش، اعتماد، جارحیت اور دیگر چیزوں کو مدنظر رکھ کر ہمارا لاشعور طے کرتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ہم لوگ اعتماد اور کشش جیسی خصوصیات سے زیادہ متاثر ہو کر پہلا تاثر قائم کرتے ہیں۔
2۔ پہلے تاثر کے اہم عناصر
ضروری تعارف یا کسی اہم انٹرویو کے موقع پر آپ کا لباس اور ہاتھ ملانے کا انداز بھی پہلا تاثر قائم کرنے میں بہت اہم ثابت ہوتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق لباس کا انداز اور مصافحہ ابتدائی مثبت تعارف کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہاتھ ملانے کی مضبوطی پہلے تاثر پر اثر انداز ہوتی ہے، یعنی مضبوط گرفت سے اچھا جبکہ کمزور گرفت سے شخصیت کے بارے میں تاثر بھی خراب پیدا ہو گا۔
3۔تصویر / وڈیو کے ذریعے تاثر
ایک تحقیق کے مطابق یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ تصویر یا وڈیو سے اکثر بہت زیادہ منفی تاثر قائم ہوتا ہےجبکہ بذات خود ملنے سے ایسا نہیں ہوتا۔تحقیق کے مطابق تصویر یاوڈیو سے ہو سکتا ہے کہ پہلا تاثر بالکل درست ہو لیکن در حقیقت وہ اپنی فطرت کے لحاظ سے زیادہ منفی ہو گا۔
4۔ پہلا تاثر تبدیل کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
پہلا تاثر اتنا طاقتور ہوتا ہے کہ اسے اگر قائم کرنے والا بھی تبدیل کرنے کی کوشش کرے تو بھی یہ اس کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے لیکن ایسا نہیں کہ اس تاثر کو تبدیل کرنا بالکل ہی ناممکن ہے تاہم اسے تبدیل کرنے کے لیے بہت زیادہ محنت درکار ہو گی۔
5۔ قابل اعتبار
ہم اعتبار کو اعتماد پر ترجیح دیتے ہیں اور مثبت تاثر قائم کرنے کے لیے آپ کو اپنی شخصیت قابل اعتبار بنانا ہو گی۔