ایک دفعہ کا ذکرہے کہ ایک شہر پر جس کا نام ویرانی تھا،ایک بادشاہ حکومت کرتا تھا ۔جو بہت بہادر اوردانشمند تھا اس کی بہادری کی وجہ سے لوگ اس سے ڈرتے تھے اور اس کی دانشمندی کی وجہ سے اسے پیار کرتے تھے۔اس شہر کے وسط میں ایک کنواں تھا جس کا پانی بہت ٹھنڈا اور موتی کی طرح شفاف تھا۔شہر کے تمام لوگ بلکہ خود بادشاہ اور اس کے درباری اسی کنوئیں میں سے پانی پیتےتھےکیونکہ ان کے شہر میں کوئی اور کنواں نہ تھا۔
ایک رات جب تمام لوگ محوخواب تھے کہ ایک ساحرہ شہر میں داخل ہوئی اور ایک عجیب دوائی کے سات قطرے کنوئیں میں ڈال دیئے اور کہا :اس کے بعد جو شخص یہ پانی پیئے گا وہ دیوانہ ہو جائیگا۔
دوسرے دن بادشاہ اور اس کے وزیروں کے سوا شہر کے تمام لوگوں نے کنوئیں کا پانی پیا اور ساحرہ کی پیشن گوئی کے مطابق دیوانے ہوگئے۔اس دن شہر کے تنگ گلی کوچوں اور بازاروں میں لوگ ایک دوسرے کے کان میں یہی کہتے رہے کہ ہمارے بادشاہ اور وزیراعظم کی عقل ماری گئی ہے اور ہم اس اپاہج بادشاہ کی حکومت برداشت نہیں کر سکتے اور اسے تخت سے علیحدہ کر دیں گے۔جب شام ہوئی توبادشاہ نے سونے کے ایک برتن میں اس کنوئیں کا پانی منگوایا ۔جب پانی آیا تو اس نے خود پیا اور اپنے وزیراعظم کو بھی پلایا ۔پھر کیا تھا،شہر ویرانی میں خوشی کے شادیانے بجنے شروع ہوگئے کیونکہ لوگوں نے دیکھا کہ ان کے بادشاہ اور وزیراعظم کا دما غ درست ہوگیا ہے۔