خوشی کے راز

خوشی کے راز

تحریر: محمد نوید

کیاآپ نے کبھی سوچا،زندگی کا مقصد کیا ہے؟ پیسے کمانا،اچھے ریلیشنز، اچھا سماجی رتبہ، اور ان سب کا مقصد کیا ہے ، ان سب سے کیا حاصل ہوتا ہے؟ خوشی۔۔۔۔۔ بالکل ہماری زندگی کی ہر خواہش کا مقصد سکون اور خوشی ہوتا ہے اور ہم اپنا ہر کام حتمی طور پہ خوشی اور سکون حاصل کرنے کے لیے کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ اس بات پر منحصر ہےکہ کون ہیں اور ہم زندگی کے کس مرحلے پر ہیں۔وہ کونسے ایسے کام ہیں جو ہمارے لیے زیادہ خوشی کا سبب بنتے ہیں؟میں نے ایسی  وجوہات ڈھونڈنے کی کوشش کی جو ہمیں فوری طور پہ اور بے انتہا خوشی دیتی ہیں  اور پھر اسے لوگوں کے ساتھ شئیر کیا جنہوں نے اس کی تائید کی اور اب یہ فہرست آپ سے شئیر کرنے جا رہا ہوں۔

زندگی کا مقصد
“انسان جب مٹی سے جڑتا ہے   تو سر سبز و شاداب ہو جاتا ہے”
اس کائنات میں کچھ بھی بے مقصد نہیں بنایا گیا،یقینا ہم میں سے ہر ایک کو خاص طور پر ، اورایک خاص مقصد کے ساتھ پیدا کیا گیا  ہے جوکہ واضح نہیں ہے  اور اسی مقصد کے حصول میں ہماری خوشی کا راز پنہاں ہے۔بغیر کسی مقصد کے کیا گیا سفر کتنا بدمزہ اور تھکا دینے والا ہو سکتا ہے؟ ہو سکتا ہے کہ وہ سفر بہت شاندار ہو لیکن کسی مقصد کا نہ ہونا اسے بے کار بنا دے، کچھ ایسا ہی ہماری زندگی کے سفر میں بھی ہوتا ہے۔لیکن اگر ہم اپنی زندگی اور اپنے جینے کا مقصد ڈھونڈ لیں اور اسے حاصل کرنے کی کوشش کریں تو ہم خوشی سے سرشار ہو جائیں گے ، روشنی کا سا  احسا س محسوس کریں گے۔اس کی طرف اٹھایا گیا ہر قدم ہمیں خوشیوں سے لبریز کر دے  گا۔ تو اپنا مقصد بنائیں اور پھر اسے حاصل کرنے کے لیے زمین و آسماں ایک کر دیں کیونکہ اسی مقصد میں ہی آپ کی خوشی چھپی ہوئی ہے۔

غیر مشروط محبت بانٹنا
محبت خوشی کی ایک بڑی وجہ ہے۔بغیر کسی غرض کے محبت کرنااورکسی سے غیر مشروط محبت ملنا ،خوشی کی بہت سی وجوہات پیدا کرتا ہے۔جیسے کہ بچوں کو اپنے والدین سے محبت قدرتی طور پر ملتی ہے۔ لیکن بڑے ہونے پر ہمیں محبت حاصل کرنے اور محبت بانٹنے کے لیے کوشش اور محنت کرنا پڑتی ہے۔خوش قسمت ہے وہ شخص جس کو محبت ملتی ہے اور وہ جو محبت بانٹتے ہیں۔تو اگر آپ خوش رہنا چاہتے ہیں تو لوگوں سے محبت کیجئیے اور محبت بانٹئے، بدلے میں آپ کو محبت ملے گی اور اس کے ساتھ ڈھیر ساری خوشی بھی۔

دوسروں کی مدد کرنا
بغیر کسی غرض کے دوسروں کی مدد کرنا، ان کی مشکلات کو حل کرنا، خاص طور پر کسی ایسے شخص کی مدد کرنا جس سے آپ کو کوئی غرض نہ ہو یا جسے آپ کسی مقصد کے تحت مدد فراہم نہ کر رہے ہوں، یقیننا بہت ساری خوشی کا سبب بنتا ہے۔

کچھ نیا کرنا
تخلیق چونکہ انسانی فطرت کا خاصہ ہے لہذا ایسا کرنے سے انسان اپنی اصل سے جڑتا ہے جو بے شک صد خوشی کا سبب ہے۔ہم سب تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ  پیدا ہوتے ہیں اور ہم سب میں کچھ نیا کرنے کی خوبی چھپی ہوتی ہے تو جب ہم کچھ نیا کرتے ہیں، عام لوگوں سے ہٹ کر کچھ تخلیق کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو ہم خود بخود ہی ڈھیر ساری خوشی سے بھر جاتے ہیں۔

زندگی کی کامیابیاں
کچھ نیا اور منفرد کرنے سے ہم کامیابیاں حاصل کرتے ہیں۔ہماری زندگی کے کسی بھی شعبے مثلا تعلیم، سماجی زندگی یا فیملی میں جب بھی کوئی کامیابی ملتی ہے،یہ ہمیں یادگار خوشی دیتی ہے۔ہم چھوٹی چھوٹی کامیابیوں سے خوش ہو جاتے ہیں، خوشی حاصل کرنے کے لیے ان کامیابیوں کو دوسروں سے شئیر کریں،انہیں سیلیبریٹ کریں اور لوگوں کو کامیاب بنانے میں ان کی مدد کریں۔

فیملی کے ساتھ وقت گزارنا
زندگی میں بہت سے موقعوں پہ ہماری خوشی کسی اور کی خوشی کے ساتھ جڑی ہوتی ہے جیسا کہ ہمارے والدین،بہن ، بھائی ، بزرگ اور ہمارے دوست۔ایسے لوگ جن کو ہم خوش دیکھنا چاہتے ہیں، جن کی ہم کئیر کرتے ہیں ،جب  ہماری وجہ سے یا کسی بھی وجہ سے خوش ہوتے ہیں توہم بھی بہت خوشی محسوس کرتے ہیں۔ تو اپنے ساتھ جڑے لوگوں کی خوشی کے مواقع ڈھونڈئیے اور انہیں ان کے ساتھ مل کر منائیے۔

دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا
اچھے دوست زندگی کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، ایسے دوست جن کے ساتھ ہم اپنی خوشیاں بانٹ سکیں، جو مشکل اور پریشانی میں ہمارا ساتھ دیں، ہمیں حوصلہ دیں،ہماری مدد کر سکیں، خوشی اور سکون کا ذریعہ ہوتے ہیں۔دوستی آپ کو اظہار رائے کی آزادی دیتی ہے، دوستی ایک ایسا رشتہ ہے جہاں ہم روایتی تعلقات سے ہٹ کر سب بانٹ سکتے ہیں۔تو ایسے دوستوں کے ساتھ وقت گزارئیے۔

بچوں کے ساتھ وقت گزارنا
بچوں کے ساتھ وقت گزارنا ہمارے لیے خوشی کا ایک بڑا ذریعہ ہے کیونکہ بچے قدرت کے قریب ہوتے ہیں، ان میں معصومیت بھری ہوتی ہے اور وہ کسی غرض اور لالچ سے پاک ہوتے ہیں تو ان کی حرکتیں اور چھوٹی چھوٹی شرارتیں جذباتی طور پر  ہمیں خوشی مہیا کرتی ہے۔ بعض اوقات بچوں کے ساتھ وقت گزارنا ہمیں اپنے بچپن میں لے جاتا ہے،تو بچوں کے ساتھ وقت گزارئیے، ان کی دیکھ بھال کیجئیے، ان کے کاموں میں ان کی مدد کیجئیے، ان کی معصومانہ باتیں سنئیے۔یقیننا یہ  آپ کو اطمینان اور خوشی کا احساس دیں گے۔

اچھی صحت
ہم سب نے سنا  اور آزمایا ہے ،صحت سب سے بڑی دولت ہے۔اچھی صحت کے بغیر، ہم تمام چیزوں میں موجود خوشی کھو دیتے ہیں اور ہمیں ہر چیز پھیکی اور بدمزہ محسوس ہوتی ہےکیونکہ خوشی کا تعلق ہماری روح سے ہے اور خوشی کے لیے روح کا پرسکون ہونا ضروری ہے۔بیماری کی حالت میں آپ چڑچڑے ہو جاتے ہیں، چاہے یہ معمولی درد ہی کیوں نہ ہو۔بیمار ہونا،درد میں مبتلا ہونا، بستر کےساتھ لگ جانا آپ کی ساری خوشیوں کو ماند کر دے گا، اگر آپ کروڑ پتی بھی ہیں توبیماری کی حالت میں بس آپ کی ایک ہی خواہش ہوتی ہے کہ آپ ٹھیک ہو جائیں۔اچھی صحت سب سے بڑی نعمت ہے۔دوسروں کی بیمار پُرسی کیجئیے، بیمار لوگوں کی مدد کیجئیے، آپ کو خوشی محسوس ہو گی۔

اچھی نیند
اچھی نیند کو کسی بھی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ نیندبھوک اور پیاس کی طرح ہمارے جسم کی بنیادی ضرورت ہے، نیند ہمیں تروتازہ کر دیتی ہے۔ہم نیند کو اپنی مرضی سے حاصل نہیں کر سکتے بلکہ یہ خود بخود آتی ہے تو جو لوگ خود سے اچھی طرح سے سوتے ہیں وہ واقعی خوش قسمت ہیں۔نیند ایک ایسی نعمت ہے جو ہمیں ودیعت ہے،جو اس سے محروم ہے وہ خوشی سے محروم ہے۔ہماری چھوٹی چھوٹی عادات ہماری نیند پر اثر انداز ہوتی ہےتو ایسا لائف سٹائل اپنائیے کہ جس سے آپ کی نیند متاثر نہ ہو۔

پرانی یادیں
وقت ہمیشہ ایک سا نہیں رہتا۔جب حالات ناموافق ہوں تو ایسے میں جو چیز آپ کے لیے ڈھارس کا کام کرتی ہے وہ پرانی یادیں ، جن کا تعلق خوشی سے ہوتا ہے۔ پرانی تصاویر،وڈیوز، ڈائری وغیرہ۔ وہ لمحات جو آپ نے کسی کی قربت میں گزارے، جو پل جو کسی خوش گوار حالات میں گزرے ، ذرا ان کو تصور میں لائیں ، یقین کیجئیے آپ پر ایک پرکیف کیفیت طاری ہو گی جو آپ کو خوشی سے سرشار کر دے گی۔

“شکر گزار رہیئے اور اپنے ساتھ خوش رہیئے کہ جو اپنے ساتھ خوش نہیں رہ سکتا وہ کسی کے ساتھ خوش نہیں رہ سکتا”

اسے ان لوگوں کے ساتھ شئیر کیجئیے، جنہیں آپ اپنی زندگی میں خوش دیکھنا چاہتے ہیں، کیونکہ خوشی بانٹنا ہی خوشی کا سب سے بہترین ذریعہ ہے۔

3 تبصرے “خوشی کے راز

  1. Yaqeenan khusi hi sub sy important cheez hy life me ore sukar eysi cheez hy jiss ko jitna kya jaye insaan mutmin rehta hy dill ko taskeen hoti hy ore khusi bhi wo hi hy jiss me dill ko sakoon ho taskeen ho to khusi milti hy۔۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں